مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا سال 2015 دہشتگردی کیخلاف منانے کا اعلان

دہشتگردی کیخلاف اور فروغ امن کی ملک گیر مہم

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ روز اول سے ہی علم و امن کے فرو غ کیلئے کوشاں ہے۔ دہشتگردی، انتہاپسندی، طبقاتیت اور فرقہ واریت کا خاتمہ اور اعتدال پسند معاشرے کا قیام ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان پچھلے 15 برس سے دہشتگردی کی زد میں ہے۔ نگاہ اٹھائیں تو ہر سمت جلتا ہوا پاکستان نظر آتا ہے۔ مساجد، امام بارگاہیں، تبلیغی مراکز، دربار، بازار اور چوراہے کوئی جگہ محفوظ نظر نہیں آتی۔ ہم نے پچاس ہزار سے زائد جانیں دیں مگر ابھی تک دہشتگردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ نہیں کیا جا سکا۔ ہماری فوج دہشتگردوں کیخلاف سینہ سپر ہے مگر یہ جنگ پاک فوج اکیلے نہیں جیت سکتی۔ دہشتگردو ں کا ایک طبقہ پہاڑوں میں چھپا ہے جس کے خاتمے کیلئے پاک فوج مصروف جہاد ہے۔ دہشتگردوں کا ایک گروہ ایسا بھی ہے جو ہمارے معاشرے میں رہتے ہوئے متشدد نظریات کے فروغ اور معاشرے میں دہشتگردوں کیلئے رائے عامہ ہموار کرنے کیلئے کوشاں ہے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم معاشرے میں چھپے دہشتگردوں کو بے نقاب کریں اور امن و محبت اور انسانی ہمدردی پر قائم اسلامی تعلیمات کو فروغ دیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے سال 2015 دہشتگردی کیخلاف اور فروغ امن کے طور پر منانے کا عزم کیا ہے۔ اس سلسلے میں ملک گیر مہم کا آغاز کیا ہے جس کے درج ذیل مراحل ہوں گے۔

پہلا مرحلہ

اینٹی ٹیررزم اویئرنس کیمپ: تعلیمی اداروں کے باہر دہشتگردی کیخلاف طلبہ کو شعور دینے کیلئے کیمپ لگائے جائیں گے۔

دوسرا مرحلہ

امن کانفرنس: ملک بھر میں امن کانفرنسز کا جال بچھایا جائیگا۔

امن واک: تعلیمی اداروں کے باہر اور اندر امن واک کے ذریعے شعور بیدار کیا جائیگا۔

تیسرا مرحلہ

دہشتگردی کیخلاف طلبہ کی جانب سے موثر آواز اٹھانے کیلئے طلبہ کی جانب سے عالمی راہنمائوں کے نام قرارداد پر 5لاکھ طلبہ کے دستخط لے کر اس قرارداد کو UNO، غیر ملکی سفارت خانوں، جنرل ہیڈ کوارٹر اور پاکستان کی وزارت داخلہ کو بھجوایا جائے گا۔

آئیے متشدد نظریات کی حوصلہ شکنی اور اعتدال پسند معاشرے کے قیام کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔

تبصرہ