مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 22ویں یوم تاسیس پر ’’پاکستان زندہ باد طلبہ کنونشن‘‘ کا انعقاد

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 22ویں یوم تاسیس کے موقع پر مورخہ 6 اکتوبر 2016 کو الحمرا ہال میں ’’پاکستان زندہ باد طلبہ کنونشن‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور خصوصی خطاب بھی کیا۔

کنونشن کی صدارت ایم ایس ایم کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف نے کی جبکہ نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن تنویر خان، سینئر صحافی زین علی، اسد اللہ خان، میاں عنصر محمود، عبد الباسط ملک، رانا تجمل، حسن مرتضائی، اقرا یوسف جامی، فاروق ششاہ، رانا علی حسن، عدیل بھٹی، اسماعیل اسحاق، حلیمہ بی بی، زینب ارشد نے خطاب کیا، امیر لاہور حافظ غلام فرید نے خصوصی شرکت کی۔ کنونشن میں طلبہ رہنماؤں کے علاوہ مختلف یونیورسٹیز اور کالجز سے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج القرآن، عوامی تحریک اور ایم ایس ایم کی جدوجہد علم اور امن کیلئے ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں 14 کارکنوں کی لاشیں اٹھانے کے باوجود بندوق نہیں اٹھائی۔ پاکستان میں صرف ڈاکٹر طاہرالقادری کے کارکن نظریے کے اوپر کھڑے ہیں، یہ حسینی قافلہ یزید کی باطل فکر کو شکست دے گا، انقلاب آ کر رہے گا، لٹیرے، کرپٹ اور قاتل نظام کے سرپرست ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ماضی کا حصہ اور قصہ بنیں گے۔

یوم تاسیس کی اس تقریب میں ایک قرار داد کے ذریعے کشمیر کے عوام اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا گیا اور کہا گیا بھارت سمیت کسی ملک نے پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں پر بری نگاہ ڈالی تو پاکستان کے 7کروڑ عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ وطن عزیز کے چپے چپے کا دفاع کریں گے اور ایم ایس ایم کے نوجوان ہر اول دستہ ہوں گے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کا پاکستان کرپشن کنگز نے دو حصوں میں تقسیم کر دیا، ایک وہ طبقہ ہے جو 20 لاکھ خرچ کر کے ڈگری خرید لیتا ہے اور ایک وہ طبقہ ہے جو پڑھنے کیلئے جس سکول میں ماہانہ 50 روپے فیس دیتا ہے وہاں فرنیچر ہوتا ہے نہ ٹیچر۔ ایک وہ طبقہ ہے جس کے جوتوں پر کبھی گرد نہیں پڑتی اور ایک وہ طبقہ جو صرف جوتوں کی گرد صاف کر کے پیٹ کی آگ بھجاتا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری علم کے زیور سے آراستہ نسل کی آبیاری کر رہے ہیں، یہی تعلیم یافتہ نوجوان وطن عزیز کا تابناک مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے بندوق نہیں قلم چلانا سکھا رہے ہیں، یہ وہ نوجوان ہیں جو دھاندلی کے خلاف، ظلم کے خلاف، جہالت اور دہشتگردی کے خلاف، کرپشن کے خلاف، بھتہ خوری اور قبضہ مافیا کے خلاف آواز بلندکرتے ہیں، لاکھوں کی تعداد میں جمع ہوتے ہیں مگر قانون ہاتھ میں نہیں لیتے۔

ایم ایس ایم کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایم ایس ایم کے نوجوانوں نے 30، 31 اگست کی رات ظلم کے خاتمے کیلئے جو جدوجہد کی پاکستان کی کسی جماعت کے کارکن اس کا تصور بھی نہیں کر سکتے، ہماری منزل انقلاب ہے، ایک ایسا انقلاب جس کے بعد نہ کوئی بھوکا سوئے گا اور نہ کسی غریب کا بچہ معیاری تعلیم اور روزگار سے محروم رہے گا، انقلاب کے اس خواب کی تعبیر ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں ایم ایس ایم کے نوجوان پوری کرکے دکھائیں گے۔ اس ملک میں صرف ڈاکٹر طاہرالقادری ایک ایسا لیڈر ہے جس کا علم، فہم، وطن سے محبت ہر سوال سے بالا ہے اور جس کے ایک اشارے پر لاکھوں نوجوان مرد و خواتین سڑکوں پر نکل آتے ہیں، ایم ایس ایم کے نوجوانوں نے کشمیر بنے گا پاکستان، گونواز گو اور خون رنگ لائے گا انقلاب آئیگا کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

تقریب کے اختتام پر شہدائے ماڈل ٹاؤن اور شہدائے آپریشن ضرب عضب کیلئے دعا کی گئی۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے ایم ایس ایم کے عہدیداروں اور کارکنان کو 22ویں یوم تاسیس پر مبارکباد دی اور انکی علم و امن کیلئے بے مثال خدمات کو سراہا۔

تبصرہ