اسلام آباد: سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی اشاعت کے خلاف ایم ایس ایم کا احتجاجی مظاہرہ‎

سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی اشاعت کے خلاف مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں صدر ایم ایس ایم شمالی پنجاب چوہدری ذیلج انقلابی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمرریاض عباسی، میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، قاضی احسن، عمر شیرازی، سید امیر حمزہ، احسن منیر اور طلحہ ڈار کے علاوہ نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پر امن احتجاجی مظاہرے میں شریک افراد نے بلند آواز میں درود و سلام پڑھ کر ’’سیدی و مرشدی یا نبی یا نبی‘‘ کے نعرے لگا کر حضور ﷺ سے عشق و محبت کا اظہار کیا۔

مقررین نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی اشاعت اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی ہے، ایسے شر پسند عناصر کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات درج کئے جائیں، اقوام متحدہ کے جملہ ممبر ممالک کو سفارتی سطح پر یہ پیغام دیا جائے کہ وہ بین المذاہب تصادم اور انتہاء پسندی کو فروغ دینے والے عناصر کے خلاف کارروائی اور ان کی حوصلہ شکنی کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے حکمران غیرت ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گستاخانہ مواد کی اشاعت کے خلاف OIC کے پلیٹ فارم پر ایک مشترکہ اور متفقہ لائحہ عمل طے کرکے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلم آبادی کے مذہبی جذبات کو مجروح ہونے سے بچائیں، انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت کا تحفظ ہر کلمہ گو مسلمان کے ایمان کا لازمی جز ہے۔

تبصرہ