اسلام آباد: ایم ایس ایم کا حقوق طلباء مارچ

مؤرخہ 26 مئی 2017ء کو مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام حقوق طلبہ مارچ اسلام آباد میں منعقد ہوا جس سے مرکزی صدر ایم ایس ایم عرفان یوسف چودھری نے خطاب کیا۔ سیکڑوں طلبہ اس مارچ میں شریک ہوئے۔

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف چوہدری نے طلبہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر قومیں ترقی نہیں کرتیں، جبکہ ہمارے ملک میں تعلیم پر کوئی خصوصی توجہ نہیں دی جاتی، جس کی وجہ سے ملک کی آبادی کا بیشتر حصہ تعلیم سے محروم رہ جاتا ہے، ملک کا تعلیمی تناسب کم ترین درجے پر ہے، انہوں نے کہا کہ یو این او کے چارٹر کے مطابق ہر ملک تعلیم پر جی ڈی پی کا کم از کم 4.4 فیصد خرچ کرنے کا پابند ہے لیکن آج بھی پاکستان میں تعلیمی بجٹ 3 فیصد سے آگے نہیں بڑھ سکا۔ جو حکمرانوں کی عدم دلچسپی اور نااہلی کا واضح ثبوت ہے، انہوں نے کہا کہ تعلیم حکومت کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہے، حکومت کی ساری توجہ موٹرویز اور سڑکوں پر ہے۔

انہوں نے کسانون پر تشدد کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ آنے والے دور میں اپنے حق کے لئے نکلنے والوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جائے گا، آج ڈی چوک مین جس کا عملی مظاہرہ بھی دیکھنے کو آیا۔

عرفان یوسف نے ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے بجٹ میں تعلیم کے لئے جی ڈی پی5 فیصد تک لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ طلبہ کا بنیادی حق ہے، انہوں نے کہا کہ قومیں سڑکوں اور پلوں سے نہیں تعلیم سے ترقی کرتی ہیں۔ تعلیم میں بہتری لائے بغیر ملک و قوم کی ترقی نا ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عدم توجہی کے باعث تعلیمی اداروں میں انتہا پسندانہ سرگرمیاں فروغ پا رہی ہیں اور تعلیمی معیار مسلسل گر رہا ہے، آئے روز یونیورسٹیز کے اندر تصادم کے واقعات کی وجہ سے تعلیمی نقصان اور ملک کی بدنامی ہو رہی ہے۔

انہوں نے اینکرز پرسن، کالم نویسوں اور سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد سے اپیل کی کہ وہ اس قومی کاز میں طلبہ کا ساتھ دیں تاکہ پاکستان کو تعلیم یافتہ شہریوں کا ملک بنایا جا سکے، انہوں نے کہا کہ قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ویژن تعلیم، تربیت، تحقیق اور امن ہے۔ ایم ایس ایم اپنے قائد کے ویژن کی روشنی میں تعلیم کو عام کرنے کی جدوجہد کررہی ہے۔

مارچ سے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل چوہدری ظلج انقلابی، قاضی احسن، سید اطلس ہمدانی، صدر ایم ایس ایم راولپنڈی، چوہدری افضل، صدر اسلام آباد حمزہ منہاج، کے علاوہ طلبہ تنظیم اے ٹی آئی، آئی ایس ایف، اور آئی ایس اور جمیعت کے رہنماؤں نے بھی ریلی میں شرکت کی اور ریلی سے خطاب کیا۔

تبصرہ