عوامی تحریک شعبہ خواتین کی رہنماؤں کی زخمی بچوں اور خواتین کی عیادت

انٹر فیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل رضا کی دہشتگردی کا شکار مسیحیوں کی آخری رسومات میں شرکت
موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے دہشتگردی ختم نہیں ہو گی، عائشہ مبشر، انیلہ الیاس، گلشن ارشاد
انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کا کوئی مذہب اور ملک نہیں، سہیل احمد رضا

لاہور(28 مارچ 2016) پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کی رہنماؤں عائشہ مبشر، انیلہ الیاس ڈوگر، گلشن ارشاداور زینب ارشد نے گزشتہ روز جناح ہسپتال میں گلشن اقبال پارک بم دھماکہ کی زخمی خواتین اور بچوں کی عیادت کی اور انہیں ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے صحت یابی اور دعاؤں کا پیغام پہنچایا۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات شعبہ خواتین عائشہ مبشر نے ہسپتال کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں نے سفاکیت اور حکمرانوں نے نااہلی کا روایتی مظاہرہ کیا، موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے دہشتگردی ختم نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز قیامت صغریٰ برپا ہوئی جس نے پاکستان کے ہر محب وطن شہری کو خون کے آنسو رلایا۔ انہوں نے کہاکہ بچے سکولوں میں محفوظ ہیں نہ پارکوں میں تو حکمران بتائیں وہ کہاں جائیں اور عوام کو تحفظ دینا کس کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری درست کہتے ہیں کہ جب تک دہشتگردوں کے ہمدرد حکمران موجود ہیں اور دہشتگردی کی فکری نرسریاں قائم ہیں دہشتگردی ختم نہیں ہو گی۔

دریں اثناء منہاج القرآن انٹر فیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل رضا نے گزشتہ روز یوحنا آباد میں لاہور دہشتگردی کے شکار تین مسیحی شہریوں کی آخری رسومات میں شرکت کی اور ان کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کا کوئی مذہب اور ملک نہیں، ان دشمنوں کا پوری قوم کو مل کر مقابلہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم لاہور دہشتگردی میں جاں بحق ہونیوالے متاثرہ مسیحی خاندانوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں۔

تبصرہ