باوقار قوم بننا ہے تو استاد کی عزت کی جائے: ڈاکٹر حسین محی الدین

اساتذہ کے قومی دن پر پیغام، آج ایم ایس ایم کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرینگے
اساتذہ نے موجودہ حکمرانوں کی پالیسیوں کے خلاف سب سے زیادہ مظاہرے کیے، صدر منہاج القرآن

لاہور (5 اکتوبر 2016) تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا ہے کہ باوقار قوم بننا ہے تو استاد کی عزت کی جائے۔ اساتذہ کو عزت و تکریم سے محروم کرنے والی قومیں جہالت، غربت کے گڑھے میں گر گئیں۔ پاکستان کے موجودہ مسائل اور بحرانوں کی ایک وجہ استاد کو عزت نہ دینا ہے۔ پاکستان کے استاد سیلوٹ کے مستحق ہیں جو تمام تر معاشی مسائل اور حکومتوں کی ناانصافیوں کے باجوود اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے ادا کررہے ہیں۔ وہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔

ایم ایس ایم کے وفد نے ڈاکٹر حسین محی الدین کو 6 اکتوبر کو منعقد ہونے والے 26 ویں یوم تاسیس میں بطور چیف گیسٹ شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کی۔ منہاج القرآن کے صدر 6 اکتوبر کو الحمرا ہال نمبر 1 میں ہونیوالی یوم تاسیس کی تقریب سے خصوصی خطاب کرینگے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ استاد کے مقام اور مرتبے کو بحال کرنے کیلئے طلباء، اساتذہ کے ساتھ ساتھ سوسائٹی کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ اس حوالے سے خود اساتذہ کو بھی سخت محنت کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اساتذہ نے موجودہ حکمرانوں کی پالیسیوں کے خلاف سب سے زیادہ مظاہرے کیے۔ حکمران اپنی روش تبدیل کریں اور استاد کو اس کا جائز مقام دیں۔

تبصرہ