آپریشن ضرب عضب کے بعد پنجاب میں 76 فیصد سٹریٹ کرائم بڑھ گیا: عوامی تحریک یوتھ ونگ

وزیرستان کے دہشت گرد اور کریمینلز نے پنجاب میں پناہ لے لی، رینجرز آپریشن ناگزیر ہے، مظہر محمود علوی
تبدیلی نظام سائیکل کارواں ملتان پہنچ گیا، 2دسمبر کو فیصل آباد اور 4دسمبر کو لاہور پریس کلب پہنچے گا، گفتگو

لاہور ( 29 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ اور تحریک منہاج القرآن کا ضرب امن و تبدیلی نظام سائیکل کارواں شہر اولیاء ملتان پہنچ گیا۔ کارواں 2 دسمبر کو فیصل آباد اور 4دسمبر کو لاہور پریس کلب پہنچے گا، جہاں منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین و دیگر رہنما پرتپاک استقبال کرینگے۔ مرکزی صدر یوتھ ونگ مظہر محمود علوی نے یہاں یوتھ ونگ کے عہدیداروں اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارواں امن کے فروغ اور استحصالی مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنے کیلئے بیداری شعور مہم کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد پنجاب میں سٹریٹ کرائم میں 76 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کا صاف مطلب ہے وزیرستان کے کریمینلز اور دہشتگرد پنجاب میں آچکے ہیں۔ جب تک اس نیٹ ورک کو اور دہشت گردو ں کی سیاسی سرپرستی کا قلع قمع نہیں ہو گا اس وقت تک آپریشن ضرب عضب کے 100فیصد ثمرات اور اثرات ظاہر نہیں ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رینجرز آپریشن ناگزیر ہو چکا ہے۔ جنرل راحیل شریف نے بہت کوشش کی کہ پنجاب میں رینجرز آپریشن ہو مگر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں نے نہیں ہونے دیا۔ اب ہم یہی توقع نئے آرمی چیف سے رکھتے ہیں کہ وہ کریمیلز اور دہشتگردوں کا پیچھا کرتے ہوتے ہوئے گلی گلی اور نگر نگر تک جائیں۔ انہوں نے مرکزی سیکرٹری جنرل یوتھ ونگ منصور قاسم کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے تعلیمی ادارے اور مدرسے امن، محبت، تحقیق اور انسانیت سے پیار کو فروغ دیں۔

ان کہا کہنا تھا کہ ربیع الاول کے مبارک مہینے کی آمد آمد ہے اور ہم جس پیغمبر خدا کے ماننے والے ہیں انہیں محسن انسانیت کہا جاتا ہے۔ انہوں نے انسانیت سے پیار کیا، گرے ہوئے کو اٹھایا۔ بیمار کی بیمار پرسی کی۔ حق دار کو حق دلوایا۔ طاقتور کو کمزور پر ہاتھ اٹھانے سے روکا۔ بے گناہوں کو قتل کرنے کیلئے اور انہیں ایذا دینے کیلئے جواز تلاش نہیں کیے۔ وہ فاتح بھی تھے تو لوگوں کو معاف کرنے کے جواز ڈھونڈ رہے تھے۔ ہم بھی اسی فکر اور تعلیمات کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری چاہتے ہیں کہ پاکستان سے فرقہ واریت کا خاتمہ ہو۔ قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو۔ پڑھے لکھے نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار ملے کوئی ضلع یا علاقہ محض اس لیے نظر انداز نہ ہو کہ اس کی سرحد تخت لاہو ر یا تخت اسلام آباد سے نہیں ملتی۔ دھاندلی سے پاک انتخابی نظام اور ہر طرح کے ظلم کا خاتمہ ہم سب کا عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو افواج پاکستان کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ وہ آپریشن ضرب عضب کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اورقومی ایکشن پلان کی ہر شق پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کروائیں گے اور کرپشن اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کیلئے اپنا بھرپور اور حب الوطنی سے سرشار کردار ادا کریں گے۔ اگر سویلین انتہا پسندی اور معاشی دہشت گردی کو نظر انداز کر دیا گیا تو مسلح دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنا ناممکن ہو گا۔ دہشت گردی کے تانے بانے معاشی دہشت گردی سے جڑے ہوئے ہیں۔ لاء اینڈ آرڈر کی خرابی اور ڈکیتیوں میں اضافے کا تعلق بھی دہشت گرد تنظیموں سے ہے کیونکہ دہشت گرد گروپ اپنے اخراجات پورے کرنے کیلئے اور اپنے نیٹ ورک کو بڑھانے کیلئے بینک لوٹتے اور اغواء برائے تاوان کی وارداتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے بے رحم آپریشن کی ضرورت ہے۔

تبصرہ