پنجاب حکومت نے 100 فیصد انرولمنٹ کا ہدف 2015ء میں حاصل کرنا تھا: فرح ناز

وزیراعلیٰ 2018ء انرولمنٹ کا نیا وعدہ کرنے سے پہلے ناکامی کی وجہ بتائیں، صدر ویمن لیگ
پنجاب میں 1 کروڑ 30 لاکھ بچے سکول نہیں جاتے، 20 ہزار سکول سہولتوں سے محروم ہیں
میٹرو منصوبے وقت مقررہ پر مکمل کرنے والے 9 سال میں تعلیمی منصوبے مکمل کیوں نہیں کر سکے؟ خطاب

لاہور (8 اپریل 2017) پاکستان عوامی تحریک ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے تعلیم کے فروغ کے نام پر جھوٹ بولنے کے ریکارڈ قائم کیے۔ وزیراعلیٰ پنجاب 2018ء تک سکولوں میں 100 فیصد انرولمنٹ کا ازخود نیا ہدف مقرر کرنے سے پہلے میلینم ڈویلپمنٹ گولز 2015کے تحت یہ ہدف حاصل نہ کرنے کے حوالے سے ناکامی کی وجہ بتائیں؟ وہ گزشتہ روز یہاں خواتین کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر افنان بابر، عائشہ مبشر، آمنہ بتول، زینب ارشد و دیگر خواتین عہدیدار موجود تھیں۔

انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف واحد وزیراعلیٰ ہیں جنہیں مسلسل 9 سال پنجاب پر حکومت کرنے کا موقع ملا مگر وہ تعلیم اور صحت کے حوالے سے کوئی بھی میلینم ہدف حاصل نہ کر سکے کیونکہ تعلیم اور صحت حکمرانوں کی ترجیح نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام جاننا چاہتے ہیں کہ وہ میٹرو منصوبے تو وقت مقررہ سے پہلے مکمل کر لیتے ہیں لیکن تعلیم کے منصوبے 9 سال میں بھی مکمل نہ کر سکے؟

فرح ناز نے کہا کہ جب بھی تعلیم کے حوالے سے کوئی ادارہ یا اپوزیشن کا وائٹ پیپر منظر عام پر آتا ہے وزیراعلیٰ پنجاب ہنگامی اجلاس بلا کر پرانے وعدے دہرا کر اور کوریج کروا کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہیں۔ پنجاب کی تعلیمی حوالے سے صورت حال یہ ہے کہ 1 کروڑ 30 لاکھ بچے سکول نہیں جاتے۔ 20 ہزار سکول مختلف قسم کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ معیار تعلیم گررہا ہے۔ ٹیچنگ ٹریننگ پروگرام بری طرح نظر انداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں تعلیم کے نام پر کاروبار کو ترقی ملی۔

تبصرہ