میٹرک کے ایک لاکھ طلباء سرکاری کالجز میں داخل نہیں ہو سکیں گے: عرفان یوسف

قومیں علم سے آگے بڑھتی ہیں اورنج ٹرینوں اور میٹرو بسوں سے نہیں، مرکزی صدر ایم ایس ایم
میٹرک کے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دیتے ہیں
پنجاب حکومت نے کالجز تعمیر کرنے کی بجائے قومی دولت انتخابی منصوبوں پر ضائع کی

لاہور (26 جولائی 2017) تحریک منہاج القرآن کے طلباء ونگ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دعا گو ہیں یہ کامیابی ان کے شاندار مستقبل کی کلید ثابت ہو اور وہ پاکستان کے ایک مفید شہری بنیں۔ عرفان یوسف نے کہا کہ ہمیں جہاں طلباء و طالبات کی بے مثال کامیابی پر خوشی ہے وہاں 80 فیصد طلباء کے سرکاری سکولوں میں داخل ہونے سے محروم رہ جانے پر افسوس بھی ہے، پنجاب حکومت نے کالجز تعمیر کرنے کی بجائے قومی دولت انتخابی منصوبوں پر ضائع کی کاش پنجاب حکومت قومی دولت اعلیٰ تعلیمی مراکز قائم کرنے پر صرف کرتی تو آج ایک لاکھ سے زائد طلباء مہنگی فیسوں والے پرائیویٹ کالجز میں داخل ہونے پر مجبور نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرک کے حالیہ امتحانات میں ایک لاکھ 63 ہزار طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی جبکہ اس وقت سرکاری کالجز میں صرف 30 ہزار طلباء کو داخل کرنے کی گنجائش ہے، انہوں نے کہا کہ 57 ہزار طلباء و طالبات نے اے پلس نمبروں سے امتحانات پاس کیے یہ ہونہار طلباء بھی سرکاری کالجز میں داخل نہیں ہو سکیں گے، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میٹرو بسوں، اورنج ٹرینوں، لیپ ٹاپ، سولر لیمپ کی تقسیم اور دیگر سیاسی و انتخابی منصوبوں پر پانی کی طرح قومی دولت بہاتے ہیں مگر ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ہر طالب علم کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے کالجز تعمیر کرے۔

تبصرہ