سیدہ کائنات آج کی خواتین کیلئے نمونہ عمل اور وسیلہ ہدایت ہیں: سیدہ کائنات کانفرنس

کانفرنس سے عائشہ نذیر قادری ، سیدہ خانم موسوی، فرح ناز، افنان بابر و دیگر کا خطاب
کانفرنس کا اہتمام منہاج القرآن ویمن لیگ اور امامیہ آرگنائزیشن کے مشترکہ تعاون سے کیا

لاہور (11 مارچ 2018) منہاج القرآن ویمن لیگ اور امامیہ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام منعقدہ خاتون جنت’’ سیدہ کائنات فاطمۃ الزہرا علیھا السلام کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے خواتین مقررین نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم اپنے اہلبیت میں سے سب سے زیادہ محبت سیدہ کائنات سے کرتے تھے۔ آپ اٹھنے بیٹھنے گفت و شنید میں آقائے دوجہاں سے مشابہ تھیں۔ خواتین مقررین نے کہا کہ خواتین سیدہ کائنات کی حیات طیبہ کو مشعل راہ بنا کر دین اور دنیا کی کامیابیاں سمیٹ سکتی ہیں۔ ’’سیدہ کائنات کانفرنس‘‘ سے عائشہ نذیر قادری، خانم سیدہ موسوی، فرح ناز، محترمہ نگہت اسرار، محترمہ شاہدہ ناصر، شازیہ قاسم، دُر ثمین، فرح ناز، افنان بابر، ڈاکٹر شاہدہ مغل، ڈاکٹر نوشابہ حمید، شازیہ قاسم، شاہدہ ناصر، زینب ارشد، عائشہ قادری، ام حبیبہ اسماعیل، ثمرین یاسین نے خطاب کیا۔

خانم سیدہ موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ کائنات حسن عمل اور حسن نیت کا پیکر تھیں، دین اور دنیا دونوں میں اعلیٰ پائے کی منتظم تھیں، انہوں نے اپنی گھریلو اور اسلامی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیا اور کوئی پہلو تشنہ نہیں رہنے دیا۔ سیدہ کائنات ہمارے لئے رول ماڈل ہیں۔

مرکزی صدر ویمن لیگ فرح ناز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ کائنات کی عائلی زندگی آج کی ہر خاتون کیلئے ایک سبق ہے۔ آپ تنگ دستی میں بھی پیکر صبر و استقامت تھیں۔ انہوں نے ہر حال میں صبر اور شکر سے کام لیا اور کبھی حالات کی تلخی کا شکوہ زبان پر نہ لائیں۔ آج کی خواتین بھی سیدہ کائنات سے سیکھیں، انکی پاک زندگی کامطالعہ کریں اور تمام تر سہولیات کے ہوتے ہوئے کفران نعمت سے بچیں۔ صبر اور شکر اللہ اور اسکے رسول کو انتہائی محبوب ہیں اور اس کیلئے اجر بھی عظیم ہے۔ سیدہ کائنات آج کی خواتین کیلئے نمونہ عمل اور وسیلہ ہدایت ہیں۔

تبصرہ