ایم ایس ایم فیصل آباد 71 واں یوم آزادی ’’گرین پاکستان، کلین پاکستان‘‘ منائے گی

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ فیصل آباد 71 واں یوم آزادی ’’گرین پاکستان، کلین پاکستان‘‘ کے عنوان سے منائے گی اور فیصل آباد بھر میں شجرکاری مہم چلائی جائے گی۔ 14 اگست یوم آزادی پر جتنی جھنڈیاں اتنے پودے لگانے کی مہم شروع کی جائے گی، ’’گرین پاکستان، کلین پاکستان ‘‘ کے عنوان سے فیصل آباد میں سیمینارز، کانفرنسز، واک کے ذریعے آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔ سکول، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء طالبات اساتذہ کو بھی اس مہم کا حصہ بنایا جائے گا۔

فیصل آبادمیں آگاہی مہم شروع کی جائے گی کہ ہر پاکستانی آزادی کے اس مہینے میں کم از کم ایک پودا ضرور لگائے ملک کو سرسبز اور شاداب بنانے میں اپنا کردار ادا کرے، ان خیالات کااظہارمصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ضلعی صدرمیاں آصف عزیز نے سٹی آفس میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری زین العابدین، ذیشان صدیق، طاہرمحمود، برہان رندھاوا، اعجازڈھلوں، حمزہ شیخ، حیدرعلی وٹو دیگر بھی موجود تھے۔

آصف عزیزنے کہا کہ فیصل آباد سمیت پورے ملک میں برسوں سے شجرکاری مہم جاری، تحصیل سے لے کر ڈویژن سطح تک تمام سرکاری دفاتر میں اربوں روپے کے پودے لگائے جاتے ہیں لیکن پودے لگانے کی رسم مکمل کرنے کے بعد ان پودوں کی حفاظت نہ کرنے کی وجہ سے کبھی بھی مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ جتنے درخت لگائے گئے اگر ان میں سے 20 فیصد بھی برقرار رہتے تو آج ملک کا موسم اور ہوتا۔ افسوس کروڑوں روپے کے پودے لگانے کے باوجود درختوں کا رقبہ بڑھنے کی بجائے روزبروز کم ہورہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماحول اور موسم بہتر بنانے کیلئے ملک کا 25 فیصد حصہ جنگلات پر مشتمل ہونا چاہیے مگر اربوں روپے سالانہ خرچ کرنے کے باوجود پاکستان میں جنگل صرف 4 فیصد کے قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ناکامی کا سبب کرپشن اور متعلقہ محکموں کی عدم دلچسپی ہے۔ جنگلات اور شجر کاری کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے موثر آگاہی مہم کی اشد ضرورت ہے، اس حوالے سے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اپناعملی کردار ادا کرے گی تاکہ قدرت کے انمول تحفے کو بچایاجا سکے۔

تبصرہ