شہدائے اے پی ایس کی برسی، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ملک بھر میں طلبا امن ریلیاں نکالے گی

دعائیہ تقاریب کا انعقاد کر کے معصوم طلباء، اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا، اجلاس میں فیصلہ
تعلیمی اداروں میں طلباء، شہدا کیلئے قرآن خوانی اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کرینگے، فیصلہ
16 دسمبر کا دن قوم کی روح کو زخمی کر گیا، شہدائے اے پی ایس آج بھی زندہ ہیں: عرفان یوسف
ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ اجلاس میں مرکزی، صوبائی و ضلعی رہنماؤں کی شرکت

لاہور (12دسمبر 2018) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا اجلاس مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف کی صدارت میں ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، اجلاس میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہدا کی چوتھی برسی کے موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام ملک بھر میں امن ریلیاں نکالی جائیں گی، دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا جائیگا، شمعیں روشن کر کے اپنے خون سے علم کے دئیے جلانے والے معصوم طلباء اور اساتذہ کو یاد کیا جائیگا، شہدائے اے پی ایس کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرفان یوسف نے کہا کہ شہدائے اے پی ایس آج بھی زندہ ہیں۔ 16 دسمبر کا دن قوم کی روح کو زخمی کر گیا۔ انہوں نے کہا کہ 15دسمبر سے 17 دسمبر تک ملک کے تمام تعلیمی اداروں میں طلباء، شہدائے اے پی ایس کیلئے قرآن خوانی اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کرینگے۔ لاہور، پشاور، کراچی، اسلام آباد، بہاولپور، وہاڑی، منڈی بہاؤ الدین، ملتان، سرگودھا سمیت تمام شہروں میں امن طلبہ ریلیاں نکالی جائیں گی، جن میں بہادر شہدائے اے پی ایس کو خراج تحسین پیش کیا جائیگا۔

عرفان یوسف نے کہا کہ ریلیوں میں سینکڑوں لوگ شرکت کرینگے، طلباء امن ریلیوں میں شریک لوگ شہدائے پشاور اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا وہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے اورامن کی بحالی کیلئے پاک فوج اور پاکستانی عوام نے بے مثال قربانیاں دیں ہیں، ہمارا فرض بنتا ہے کہ اپنے ملک کی سلامتی، بقا و استحکام کیلئے کردار ادا کریں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہمیں امن، محبت، رواداری اور دکھی انسانیت کی بلا امتیاز خدمت کرنے کی تعلیم دی ہے۔ اجلاس میں ضیاء الرحمن ضلج، میاں عنصر محمود، یونس نوشاہی، فراز ہاشمی، احسان سنبل، احسن ایاز، علی قریشی، اخلاق حسنین و دیگر طلباء رہنما بھی موجود تھے۔ عرفان یوسف نے کہاکہ ملک کے بچے بچے کو پاکستان سے محبت ہے اور یہ پیارا وطن تا قیامت قائم رہے گا۔

تبصرہ