آزاد اور خوشحال پاکستان کا مستقبل تعلیم سے وابستہ ہے: خرم نواز گنڈاپور

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ”ایجوکیشن بجٹ مارچ“ میں اظہار خیال
تعلیم کا بجٹ جی ڈی پی کا 5 فیصد کیا جائے: مارچ سے عرفان یوسف کا خطاب

MSM Education Budget March

لاہور (28 مئی 2022) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے مصطفوی سٹوڈنٹس مومنٹ کے زیراہتمام مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء کی طرف سے منعقدہ ”ایجوکیشن بجٹ مارچ“ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد اور خوشحال پاکستان کا مستقبل جدید تعلیم سے وابستہ ہے۔ جب تک قومی وسائل کا بڑا حصہ تعلیم کے فروغ کے لئے خرچ نہیں کیا جائے گا قوم ذہنی غلامی کا شکار رہے گی اور ملک خوشحال نہیں ہو گا۔

ایجوکیشن بجٹ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف نے کہا کہ جی ڈی پی کا 5فیصد تعلیم کے لئے مختص کیا جائے۔ ایجوکیشن بجٹ مارچ میں شریک طلباء نے مطالبہ کیا کہ طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ کیا جائے، امن کی تعلیمات کو نصاب میں شامل کیا جائے۔ 10سالہ تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جائے، تعلیمی نصاب کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کیا جائے، تعلیمی اداروں کو کرپشن سے پاک کیا جائے۔

لاہور پریس کلب کے سامنے ہونے والے ایجوکیشن بجٹ مارچ کے شرکاء نے تعلیمی بجٹ میں اضافہ کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ طلباء کا مطالبہ تھا کہ تعلیم کو پہلی ترجیح بنانے کے لئے تمام جماعتیں اور سول سوسائٹی مل کر پالیسی سازوں پر دباؤ بڑھائے۔ جس طرح ایٹم بم بناتے وقت کہا گیا تھا کہ گھاس کھا لیں گے لیکن ایٹم بم ضرور بنائیں گے۔ اسی طرح آج بھی ہمیں یہ عزم کرنا ہو گا کہ گھاس کھا کر گزارہ کر لیں گے لیکن تعلیم کے فروغ پر کوئی قدغن برداشت نہیں کریں گے۔

ایجوکیشن بجٹ مارچ سے ناظم تحریک منہاج القرآن لاہور ممتاز حسین، صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور محسن اقبال نے بھی خطاب کیا۔ احمد حسن، شہریار ملک، اسامہ ضیاء، حماد حسن، دانش کھوکھر، طلحہ بھٹی، محمد اسلام سمیت دیگر طلبہ رہنماؤں نے ایجوکیشن بجٹ مارچ میں شرکت کی۔

تبصرہ