آج کی یہ نشست ایک کامیاب تعلیمی و تربیتی سفر کے اختتام کی علامت ہے: شیخ فرحان عزیز

لاہور: ناظمِ اعلیٰ منہاجُ القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے خصوصی گفتگو میں ونٹر اسٹڈی کیمپ کے انعقاد کو ایک بامقصد اور دور رس تعلیمی و تربیتی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے طلبہ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور ان کی فکری، اخلاقی اور تعلیمی تربیت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو ماہ پر مشتمل اس ونٹر اسٹڈی کیمپ کا بنیادی مقصد طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے دین، علم اور اخلاق کے حسین امتزاج سے آراستہ کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج کا طالب علم اگر علم کے ساتھ کردار اور شعور سے محروم ہو تو وہ معاشرے کی درست رہنمائی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ منہاجُ القرآن انٹرنیشنل نوجوان نسل کو محض ڈگری یافتہ بنانے کے بجائے باکردار، باخبر اور باعمل شہری بنانے کے مشن پر کاربند ہے۔
مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ کی قیادت کو ونٹر اسٹڈی کیمپ کے کامیاب اور منظم انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی فکری، تعلیمی اور اخلاقی تربیت کے لیے مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ کی کاوشیں قابلِ تقلید ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ تحریک منہاجُ القرآن کے فکری و تربیتی مشن کی عملی تصویر ہے جو نوجوانوں کو علم، کردار اور خدمتِ دین و وطن کے جذبے سے ہمکنار کر رہی ہے۔
مرکزی صدر مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ شیخ فرحان عزیز نے اختتامی نشست میں گلگت بلتستان کے طلبہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ نشست ایک کامیاب تعلیمی و تربیتی سفر کے اختتام کی علامت ہے، جس میں طلبہ نے علم، شعور اور کردار سازی کے کئی اہم مراحل طے کئے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں حاصل کردہ علم اور تربیت کو اپنی عملی زندگی میں بروئے کار لاتے ہوئے علم اور امن کے سفیر بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ کا مقصد نوجوان نسل کو صرف تعلیمی میدان میں آگے بڑھانا نہیں بلکہ انہیں فکری پختگی، اخلاقی استحکام اور خدمتِ دین و وطن کے جذبے سے بھی آراستہ کرنا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکریٹری مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ پاکستان محمد سہیل مجید اور صدر مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ لاہور اسامہ مشتاق، سردار شوکت مغل صدر مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ جنوبی پنجاب بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر ونٹر اسٹڈی کیمپ میں شریک طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔












تبصرہ