طلبہ کی تربیت اور قیادت سازی مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا ہدف ہے
تعلیم صرف ڈگری نہیں، کردار سازی اور شعور کی بیداری کا ذریعہ ہونی چاہیے: مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ

لاہور (25 جون 2025ء) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (ایم ایس ایم) کے مرکزی صدر شیخ فرحان عزیز نے کہا ہے کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نوجوانوں کو علم، کردار، قیادت اور قومی خدمت کے جامع پیغام سے روشناس کرا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کسی بھی معاشرے کی فکری اور عملی تعمیر میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اور یہی وہ طبقہ ہے جس پر قوم کا مستقبل استوار ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ایس ایم کے زیراہتمام منعقدہ تین روزہ تربیتی ورکشاپ میں شریک طلبہ سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔
تربیتی ورکشاپ میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی ذمہ داران اور مختلف کالجز و یونیورسٹیز کے طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم ایک فکری، نظریاتی اور تربیتی تحریک ہے، جو نئی نسل کو محض تعلیمی اسناد ہی نہیں بلکہ دینی فہم، اخلاقی بصیرت اور قیادت کی صلاحیتیں بھی مہیا کرنا چاہتی ہے۔شیخ فرحان عزیز نے کہا کہ:"ہمارے تعلیمی ادارے صرف ڈگری تقسیم کرنے والے ادارے بن کر رہ گئے ہیں، جبکہ طلبہ کی شخصی، فکری اور اخلاقی تربیت کو یکسر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔"
انہوں نے بتایا کہ ایم ایس ایم اس خلا کو پُر کرنے کے لیے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں فکری نشستیں، تربیتی ورکشاپس، مطالعہ کی محافل، اور سیرت و اخلاقیات پر مبنی پروگرامز کا انعقاد کرتی ہے۔ مرکزی صدر ایم ایس ایم نے سوشل میڈیا کے منفی استعمال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور نوجوانوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا: "یوٹیوب، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک جیسی پلیٹ فارمز اگر شعور کے بغیر استعمال ہوں تو وہ نوجوانوں کے وقت، ذہن اور صلاحیتوں کا زیاں بن جاتے ہیں۔ نوجوان ان پلیٹ فارمز کو مثبت مقصد کے لیے استعمال کریں۔"
انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چاہتی ہے کہ نئی نسل محض روزگار کے حصول کی خاطر تعلیم حاصل نہ کرے، بلکہ وہ قوم و ملت کی ترقی، فلاح اور بیداری کے لیے عزم، وژن اور قربانی کے جذبے سے سرشار ہو۔





تبصرہ