نوجوان ہی قوم کے اصل معمار اور حقیقی مستقبل کے قائد ہیں شیخ فرحان عزیز کا خطاب

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سرگودھا سینٹرل کے زیراہتمام "فیوچر لیڈرز سمٹ" کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوانوں کی فکری و علمی تربیت اور قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف موضوعات پر سیشنز منعقد ہوئے۔ مرکزی صدر مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ پاکستان شیخ فرحان عزیز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
طلباء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ قوموں کی تقدیر نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہوتی ہے، آج کا طالبعلم کل کا رہبر ہے۔ اگر نوجوان علم، اخلاق اور کردار کے زیور سے آراستہ ہوں تو ملک و ملت کے مستقبل کو کوئی خطرہ لاحق نہیں رہتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کے ساتھ ساتھ قائدانہ اوصاف پیدا کریں تاکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کی قیادت کرسکیں۔
سی ای او بائٹس آئی ٹی سنٹر حافظ مبشر احمد نے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں ابھرتے مواقع اور عملی مہارتوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کہ ڈیجیٹل انقلاب میں وہی قومیں آگے بڑھیں گی جو ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کریں گی۔ ڈیٹا ریکوری اسپیشلسٹ زمی راجپوت نے انفارمیشن سکیورٹی اور ڈیٹا ریکوری کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنے ڈیٹا کو محفوظ رکھنے اور جدید اسکلز اپنانے میں سنجیدگی دکھائیں۔
ہیڈ ٹریننگ کونسل لاہور زون مطاہر منصور مصطفوی نے شرکاء کو پبلک اسپیکنگ کی اہمیت پر آگاہ کیا اور کہا کہ اچھا مقرر ہمیشہ اپنی سوچ اور وژن کو بہترین انداز میں پیش کرتا ہے، جو لیڈرشپ کے لیے بنیادی شرط ہے۔ تقریب میں مرکزی سیکرٹری جنرل MSM میاں انصر محمود، مرکزی رہنما راشد حسین مصطفوی، صدر MSM شمالی پنجاب احمد رضا، ناظم MSM شمالی پنجاب نجم شیراز مغل سمیت تحریکِ منہاج القرآن کی ڈویژنل و ضلعی قیادت اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔






تبصرہ