طلبہ میں تعلیمی مہارتوں کے فروغ کے لئے تربیتی کیمپ ایک ماہ جاری رہے گا: شیخ فرحان عزیز

لاہور(15 جنوری 2026)مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پاکستان کے زیراہتمام گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیے ایک ماہ پر مشتمل ونٹر اسٹڈی کیمپ کا باقاعدہ آغاز الاعظمیہ کمپلیکس ٹاؤن شپ لاہور میں ہوچکا ہے۔ کیمپ میں گلگت بلتستان سے آئے ہوئے سو سے زائد طلبہ شریک ہیں۔
صدر مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ پاکستان شیخ فرحان عزیز نے ونٹر اسٹڈی کیمپ میں پہلے روز طلبہ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس ایم پاکستان طلبہ کو دینی شعور، جدید تعلیمی مہارتوں اور مثبت کردار سازی سے آراستہ کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے طلبہ کی علمی و فکری صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کیمپ ان کی خفیہ صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ کیمپ میں مستقل تربیت و تدریس کے لیے معروف اساتذہ و ٹرینرز اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پروفیسر شبیر احمد ملِک (ایچ او ڈی انگلش ڈپارٹمنٹ الاعظمیہ کمپلیکس) طلبہ کو اسپوکن انگلش کی عملی تربیت فراہم کریں گے، حسن محمود جماعتی (ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ڈیلوپمنٹ) ڈپلومہ اِن قرآن اسٹڈیز کے تحت فہمِ قرآن اور دینی تعلیمات پر لیکچرز دیں گے جبکہ محمد انس (آئی ٹی پروفیشنل) جدید تقاضوں کے مطابق مصنوعی ذہانت (AI) کے موضوع پر تربیتی سیشنز منعقد کریں گے۔
ڈپٹی جنرل سیکریٹری ایم ایس ایم پاکستان محمد سہیل مجید (آرگنائزر کیمپ) نے کہا کہ اس ونٹر اسٹڈی کیمپ کا مقصد طلبہ کی ہمہ جہت تربیت ہے تاکہ وہ مستقبل میں دین، معاشرے اور ملک کے لیے مثبت اور موثر کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے شرکاء، اساتذہ اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس ایم پاکستان طلبہ کی فکری و اخلاقی تعمیر کو اولین ترجیح دیتی رہے گی۔ واضح رہے کہ یہ ایک ماہ پر مشتمل ونٹر اسٹڈی کیمپ مختلف تعلیمی، تربیتی اور فکری سرگرمیوں پر مشتمل ہوگا، جس کے اختتام پر شرکاء کو اسناد بھی دی جائیں گی۔

تبصرہ